پٹنہ 26دسمبر(آئی این ایس انڈیا)جے ڈی یو (جنتا دل یونائیٹڈ) کو اروناچل پردیش میں دھچکا لگا ہے۔ ان کے چھے ممبران اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس کی وجہ سے بہار میں سیاسی پارہ بھی بڑھ گیا ہے۔
آر جے ڈی رہنما اور لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے اس معاملے پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ جے ڈی یو کو جلد ہی بہار سے مٹا دیا جائے گا۔ پارٹی اب مکمل طور پر ٹوٹ چکی ہے۔ اس بار ان کی پارٹی اسمبلی کی آدھی نشستوں پررہ گئی ہے۔
تیج پرتاپ یادونے کہاہے کہ انہیں شروع سے ہی ختم کیا جارہا ہے۔ اس کی شروعات اروناچل پردیش سے ہوئی۔ اب بہارمیں ان کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔ جے ڈی یو مکمل طورپرٹوٹی ہوئی ہے۔ نتیش کمار نے فیصلہ لیا جو بہت غلط تھا۔ انہوں نے پیٹھ میں وار کیا ہے۔ دوسری طرف آر جے ڈی کے سینئر رہنما شیوانند تیواری نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔
شیوانند تیواری نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ جب اروناچل پردیش میں بی جے پی کی اکثریت تھی تو پھر جنتا دل یونائیٹڈ کے ایم ایل اے کو کیوں ختم کردیا گیا؟شیوانند تیواری نے فیس بک پرلکھاہے کہ اسمبلی میں بی جے پی کی اکثریت تھی۔ پھر اس نے نتیش کمار کے ایم ایل اے کو کیوں توڑا؟ بی جے پی کے اس اقدام کا کیامطلب ہے؟ کیا ماننا ہے کہ بی جے پی نے نتیش کو پرانے حساب کی ادائیگی شروع کردی ہے۔